نئی دہلی،14؍فروری (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)پہلوان نرسمہا یادو کے ڈوپ ٹیسٹ میں ناکام ہو جانے کے بعد ریو اولمپک کی ہندوستانی امیدوں کو اس وقت دوسرا بڑا جھٹکا لگا تھا جب شوٹر اندرجیت سنگھ بھی ڈوپ ٹیسٹ میں ناکام ہو گئے تھے۔اس وقت ذرائع نے بتایا تھا کہ اندرجیت سنگھ کو ایڈروسٹیرن اور اٹیوکولینولون نامی مادہ کے لئے مثبت پایا گیا ہے،اس کے بعد گزشتہ سال جولائی میں ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی کے لئے ان کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا تھا،اب اس معاملے پر قومی اینٹی ڈوپنگ ایجنسی (ناڈا)نے کہا ہے کہ اندرجیت سنگھ کے مستقبل پر فیصلہ اس کا اینٹی ڈوپنگ نظم و ضبط پینل کرے گا۔اندرجیت سنگھ کا 22 جون کو لیا گیا پیشاب کا نمونہ مثبت پایا گیا تھا جس کے بعد انہیں ریو اولمپک میں حصہ لینے سے روک دیا گیا تھا۔پہلوان نرسمہا یادو کی طرح انہوں نے بھی الزام لگایا تھا کہ شاید ان کے نمونے کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی گئی ہو۔سال 2015کے ایشیائی چمپئن نے ناڈا سے بی نمونہ ہندوستان کے باہر کسی دیگر لیباریٹری میں جانچنے کے لیے کہا تھا کیونکہ انہیں حکومت سے تسلیم شدہ لیبارٹری پر یقین نہیں تھا۔